اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر کو ہٹاکر حکومت نے اپوزیشن کے موقف کو تسلیم کرلیا ہے، اس بار خالص آئی ایم ایف کا بجٹ ہوگا ، عمران خان نے پوری قوم سے جھوٹ بولا اور فراڈ کیا ہے،چوہدری نثار کو لائیں گے تو سرور خان نہیں چل سکے گا۔
کابینہ میں تبدیلی کے معاملے پر خورشید شاہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان خطرناک گلی میں گھس رہا ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ عمران خان کو سخت صورتحال کا سامنا کرنا پڑیگا۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ اسد عمر کا ہٹانا اپوزیشن کا موقف درست ہونے کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آج تک پارلیمنٹ کو تسلیم ہی نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے نام پر عمران خان نے ووٹ لیکر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔صحافی نے سوال کیاکہ کیا حفیظ شیخ ڈلیور کر سکیں گے۔خورشید شاہ نے جواب دیا کہ موجودہ حالات کا چیلنج انہوں نے کیسے تسلیم کیا ہے، شاید وہ ڈلیور کرنے کی پوزیشن میں ہوں اور بڑا مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے حفیظ شیخ کو لاکر پیپلزپارٹی کی پالیسی کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر منتخب لوگوں کو کابینہ میں لانے سے منتخب لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بار جو بجٹ آئے گا وہ خالص آئی ایم ایف کا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پہلے بھی آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بجٹ آتے رہے لیکن یہ بہت خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہ تو ہوتا ہے کہ آپ بھیک مانگیں تو دینے والی کی بات مانیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے انفلیشن بڑھنے کی بات کو عالمی بنک نے بھی مانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صدارتی باتوں پر مجھے کوئی سرپرائزنہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پوری قوم سے جھوٹ بولا اور فراڈ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار کو لائیں گے تو سرور خان نہیں چل سکے گا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار کو بہت عرصے سے جانتا ہوں، وہ ن لیگ کے اندر رہ کر تحریک انصاف کی مدد کرنے کی گھٹیا حرکت نہیں کریں گے۔