اسلام آباد(آن لائن)امریکی نائب وزیرخارجہ کل( جمعرات کو ) اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ وزیر اعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر اعلی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور آئی ایم ایف کا قرض سمیت فیٹف پر بات ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ کا اعلی سطح کا وفد نائب وزیر خارجہ کی قیادت میں کل ( جمعرات کو ) اسلام آباد پہنچے گا ۔ جہاں پر وہ وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کریں گے ۔جس میں خطے کی صورت حال ، پاک امریکہ تعلقات اور بھارت کے ساتھ کشیدگی جیسے امور زیر بحث آئیں گے ۔ اس کے علاوہ امریکی وفد آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے ساتھ مذاکرات ، قرضے کے لئے سی پیک سے متعلق تفصیلات سمیت دیگر معلومات شیئر کرے گا جبکہ امریکی وفد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں اہم ملاقات کریں گے جس میں پاکستانی سول و عسکری قیادت امریکی وفد کو کرپشن ، منی لانڈرنگ کے خاتمے اور فیٹف اجلاس کے حوالے سے کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔ ملاقات میں پاکستان کی طرف سے معاشی اصلاحات اور قرضے کے لئے آئی ایم ایف کی مجوزہ شرائط پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔