اسلام آباد(مانیٹرمگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت پشاور میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ 16 گھنٹوں سے مقابلہ جاری ، ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 2 سے 3 دہشت گرد مکان میں موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر ایک ماہ قبل کرایہ پر لیا گیا تھا جس کا مالک مکان بیرون ملک ہے۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ
صلاحیتوں کی تعریف کی۔کور کمانڈر پشاور نے افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے، علاقہ مکینوں نے آپریشن کے لیے مکمل تعاون کیا ہے، مکینوں کی حفاظت کے لیے آپریشن میں مکمل احتیاط برتی جائے۔شاہین مظہر محمود کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اسپیشل سروسز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ فوری ایکشن سے پتہ چلتا ہے کہ فورسز الرٹ ہیں۔