اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم عمران خان 21 اپریل کو ایران اور 25 اپریل کو 3 روزہ دورہ چین کریں گے ۔ عمران خان دورہ ایران کے دوران پاک ایران تعلقات کے فروغ پر زور دیں گے جبکہ وزیر اعظم دورہ چین کے دوران دوسرے ون ویلٹ ون روٹ فورم میں شرکت کریں گے جہاں پر 100 سے زائد دنیا بھر کے ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے اور وزیر اعظم فورم کی سائیڈ لائن پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا دورہ ایران اور چین کا شیڈول طے پا گیا ہے۔ عمران خان 21 اپریل کو ایران کا دورہ کریں گے جس میں وہ ایران کے سپریم لیڈر اور صدر سے ملاقاتیں کریں گے ۔ وزیر اعظم کے دورے کا مقصد پاک ایران تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔ عمران خان دورے کے دوران امت مسلمہ کو یکجا کرنے پر بھی زور دیں گے ۔اس کے علاوہ وزیر اعظم 25 اپریل کو 3 روزہ دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ون بیلٹ ون روٹ فورم میں شرکت کے لئے جائیں گے۔ اس موقع پر عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ اسد عمر سمیت کابینہ ارکان بھی ہمراہ ہوں گے ۔ون بیلٹ ون روٹ فورم میں 100 سے زائد دنیا بھر کے ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے اور وہاں عمران خان بھی فورم کی سائیڈ لائن پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم چینی صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم و اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں پاک چین راہداری منصوبے پر بات ہو گی ۔واضح رہے کہ وزیر اعظم کو چین کے دورے کی دعوت چینی صدر نے دی تھی ۔