واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال انتہائی خطرناک ہے، انہوں نے متنبہ کیا کہ نئی دہلی پلوامہ حملے کے بعد سخت ایکشن پر غور کررہا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ رکے، ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کیساتھ بات چیت پر غور کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا اس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان فی الوقت بہت مسائل ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اوول آفس میں سینئرچینی عہدیدار کیساتھ ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بہت سخت کارروائی پر غور کررہا ہے کیوں کہ پلوامہ حملے میں اس کے 50 شہری ہلاک ہوئے ہیں اور میں یہ سمجھ سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صدور کے ادوار میں پاکستان نے امریکا سے بہت فائدے لئے، میں نے ان کی امداد روک دی کیوں کہ وہ ہماری اس طرح مدد نہیں کررہا تھا جیسی کرنی چاہئے تھی۔