سکھر(وائس آف ایشیا) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2020ء میں عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب ہو تو سب کا ہو مگر ایسا نہ ہو کہ کسی کو انکوائری کے درمیان ہی گرفتار کر لیا جائے اور کسی کا ریفرنس داخل ہو تو بھی گرفتاری نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی خواب دیکھ کر سیاسی پیش گوئیاں کرنے کے حوالے سے شہرت یافتہ منظور وسان نے کہا کہ 2020 ء میں عمران خان کے ساتھ جو اتحاد ہے وہ ٹوٹ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹوٹنے کے بعد اسی اتحاد میں سے ایک وزیراعظم منتخب ہو گا۔منظور وسان نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ آنے والا وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف سے ہو یا کسی اور پارٹی سے ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی ملاقات ہو گی۔اب یہ جیل میں ہو یا جیل سے باہر ہو مگر ملاقات ضرور ہو گی۔منظور وسان نے کہا کہ احتساب ہو تو سب کا ہو مگر ایسا نہ ہو کہ کسی کو انکوائری کے درمیان ہی گرفتار کر لیا جائے اور کسی کا ریفرنس داخل ہو تو بھی گرفتاری نہ ہو۔انہوں نے مساونہ سلوک پر زور دیا اور موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار آنے سے قبل دعوے تھے کہ گھر تعمیر کریں گے اور روزگار دیں گے مگر سب کچھ الٹا کر رہے ہیں۔ساتھ ہی منظور وسان نے وزیراعظم عمران خان کے جانے کی بھی پیشگوئی کر دی۔واضح رہے اس سے قبل بھی منظور وسان کہہ چکے ہیں کہ 2019ء پاکستان کے لیے اہم ترین سال ثابت ہو گا۔2019ء آئندہ سالوں کی سمت کا تعین کرے گا۔2020ء کپتان کے لیے خطرناک سال ثابت ہو گا۔