اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان سے رابطہ کر کے ساہیوال واقعہ پر رپورٹ طلب کرلی ۔ ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ واقعہ کی مفصل اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق واضح ہوں،پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال میں جی ٹی روڈ پر اڈا قادر کے قریب کار میں سوار 2 خواتین سمیت 4 افراد کے جاں بحق اور 3 دہشت گردوں کے فرار ہونے اور 3 بچوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے ،
گولیاں لگنے سے دو بچے زخمی ہوگئے ، ایک پانچ سالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ہفتہ کو ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ٹول پلازہ کے پاس سی ٹی ڈی ٹیم نے ایک کار اور موٹرسائیکل کو روکنے کی کوشش کی جس پر کار میں سوار افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ سے دو خواتین سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 دہشت گرد فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فرار دہشت گردوں میں شاہد جبار، عبدالرحمان اور اس کا ایک ساتھی شامل ہے جبکہ یہ کارروائی فیصل آباد میں 16 جنوری کو ہونے والے سی ٹی ڈی آپریشن کا حصہ تھی۔ترجمان نے بتایا کہ جائے وقوع سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔اس سے قبل ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ کار میں اغوا کار سوار تھے جبکہ 3 بچوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا۔دوسری جانب صورت حال اس وقت یکسر تبدیل ہوگئی جب لاشوں اور زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جب بچوں کا بیان قلمبند کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد ان کے والد، والدہ، خالہ اور ڈرائیور ہیں،وہ لوگ لاہور سے بورے والا جارہے تھے کہ راستے میں پولیس نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔جاں بحق ہونے والوں میں خلیل احمد ،اسکی بیوی نبیلہ ،بیٹی روبا اور ڈرائیور صوفی شان شامل ہیں جبکہ خلیل مقتول کا بیٹا عمیر10سالہ اور7سالہ بچی منیبہ گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ۔
زخمیوں کو ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال دا خل کرا دیا گیا ہے جہاں بچے عمیر کی حالت نازک ہے ، 5سالہ بچی ہادیہ معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ادھرعینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بنانے والی گاڑی لاہور کی جانب سے آرہی تھی، جسے ایلیٹ فورس کی گاڑی نے روکا اور فائرنگ کردی جبکہ گاڑی کے اندر سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق مرنے والی خواتین کی عمریں 40 سال اور 12 برس کے لگ بھگ تھیں۔عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے کار میں سوار بچوں کو قریبی پیٹرول پمپ پر چھوڑ دیا،
جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین کو مار دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق تھوڑی دیر بعد ہی سی ٹی ڈی پولیس بچوں کو اپنے ساتھ موبائل میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئی، جن میں سے ایک بچہ فائرنگ سے معمولی زخمی ہوا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی فیصل آباد میں 16 جنوری کو ہونے والے آپریشن کا تسلسل ہے اور سی ٹی ڈی کی ٹیم ریڈ بک میں شامل دہشتگردوں شاہد جبار اور عبدالرحمان کا تعاقب کر رہی تھی۔رپورٹ کے مطابق صبح معتبر ذرائع سے یہ اطلاع ملی کی وہ اسلحے اور دھماکا خیز مواد کے ساتھ ساہیوال کی جانب سفر کر رہے تھے،
یہ دہشتگرد چیکنگ سے بچنے کیلئے خاندان کے ساتھ سفر کرتے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا لیکن انہوں نے فائرنگ کردی جس کے بعد دہشت گرد شاہد جبار، عبدالرحمان اور اس کا ایک ساتھی موٹرسائیکل پر سوار ہوگئے سی ٹی ڈی ٹیم نے موقع سے خودکش جیکٹ، ہینڈ گرنیڈ اور رائفلز سمیت دیگر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی، جو کالعدم تنظیم داعش کا مقامی سرغنہ تھا،جبکہ عدیل فیصل آباد آپریشن میں ہلاک ہوا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے افراد
پنجاب میں داعش کے سب سے خطرناک دہشت گردوں میں شامل تھے اور یہی دہشت گرد امریکی شہری وارن وائن اسٹائن اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغوا میں بھی ملوث تھے۔دوسری جانب فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچے عمر خلیل نے ہسپتال میں میڈیا کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ گاڑی میں سوار ہو کر چچا کی شادی میں شرکت کے لیے بورے والا گاؤں جارہے تھے۔دوسری جانب اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ساہیوال نے کہا کہ یہ سی ٹی ڈی کی کارروائی ہے اور وہی اس حوالے سے بہتر بتا سکتے ہیں۔مقامی تھانہ یوسف والا پولیس نے
ہلاک شدگان کی شناخت سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سی ٹی ڈی کی جانب سے کی گئی ہے۔ میڈیا کے نمائندے جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو پولیس نے لاشیں ہٹادیں تھیں اور مبینہ طور پر ثبوت بھی مٹانے کی کوشش کی۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب امجد جاوید سلیمی نے واقعہ کا نوٹس لے کر آر پی او ساہیوال سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کی جانب سے ملنے والی موثر اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم داعش
سے منسلک 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ساہیوال واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ، وزیراعظم کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ساہیوال واقعے کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی جس کی سربراہی ڈی آئی جی ذوالفقار حمید کریں گے۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کیافسران بھی شامل ہوں گے جب کہ جے آئی ٹی تین روز میں تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس نبیلہ غضنفر کے مطابق اگر مارے گئے افراد پْر امن شہری تھے تو فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر واقعے میں کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔ساہیوال واقعہ میں سی ٹی ڈی پولیس کی فائرنگ سے مارے جانے والے افراد کے محلے داروں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ مقتولین کے اہلخانہ کو تقریباً 30 سال سے جانتے ہیں، یہ لوگ نمازی پرہیزگار تھے، ان کے والد حیات نہیں اور والدہ بیمار ہیں۔محلے داروں کے مطابق ذیشان کاایک بھائی احتشام ڈولفن پولیس کااہلکارہے۔علاوہ ازیں ساہیوال واقعے میں مرنے والے افراد کے اہلِ علاقہ نے واقعے کے خلاف فیروزپور روڈ پر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی جس کے باعث میٹرو بس سروس معطل ہوگئی۔اہل علاقہ نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فوری مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملزمان کو سزا نہیں ملتی احتجاج جاری رہے گا۔