اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ نے وزیر خزانہ اسد عمر کو مغرور قرار دیئے جانے کی تردید کردی۔ روزنامہ جنگ کے مطابق آئی ایم ایف ریمارکس کے بارے میں دریافت کرنے پر پاکستان میں آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ چیف نے ایسی خبروں کو غلط قرار دیا ان کے مطابق اسد عمر کے بارے میں کبھی کوئی بات نہیں کی گئی۔ ایک اعلیٰ افسر نے جو بالی میں چند ماہ قبل
آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کا حصہ رہے ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لئے اجلاس 30 سے 40 منٹ تک جاری رہا اور یہ بات درست نہیں کہ اجلاس 10 منٹ میں ختم ہو گیا۔ تاہم ماضی میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے والے اقتصادی ماہرین اور سابق بیورو کریٹس نے اپنی نجی گفتگو میں بتایا کہ موجودہ اقتصادی ٹیم کچھ استثنیٰ کے ساتھ کمزور ٹیم ہے۔ اسی لئے مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہیں ہو پائی۔