راولپنڈی (آن لائن)راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) عباس احسن نے مری میں ہوٹل ایجنٹس کی جانب سے مبینہ طور پر خاتون پر حملے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) فریال نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون سے بدتمیزی اور حملہ کرنے پر سی پی او نے 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے پر بازار پولیس پوسٹ کے انچارج مظہر اکرام، مہرر عبید اللہ اور کانسٹیبل محمد اسلم کو معطل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حملے کے بارے میں خبر پھیلنے کے بعد پولیس
نے متاثرہ خاتون کی نشاندہی کی کوشش کی لیکن ناکام رہی۔بعد ازاں متاثرہ خاتون کی شناخت ثانیہ کے نام سے ہوئی، جو غوری ٹاؤن راولپنڈی کی رہائشی ہیں اور پولیس شکایت کے اندراج کے لیے ان تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اے ایس پی کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن کی مدعیت میں کیس رجسٹر کرلیا گیا کیونکہ وہ اس وقت جائے وقوع پر موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی ملزم کی نشاندہی ہوگئی ہے جو مری میں نمبل کا رہائشی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 3 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔