اسلام آباد ( آن لائن ) سابق سفیر حسین حقانی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ملکر پاکستان مخالف مہم میں سرگرم ، گزشتہ دنوں امریکہ میں غیر سرکاری تنظیم ’’ساتھ فورم ‘‘ کے ساتھ ملکر پاکستان میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر سیمینا ر منعقد کیا گیا ۔آن لائن کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق اتوار 16 دسمبر کو ’’ساتھ فور م‘‘ کی جانب منعقد کردہ تقریب میں سابق سفیر حسین حقانی سمیت سینیٹر افراسیاب خٹک، ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ، بینا سرور، عارف جمال ، مرتضیٰ سولنگی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
محمد تقی اور حسین حقانی کی جانب سے جاری کردہ دعوت نامہ میں پاکستان میں سال 2018ء میں ہونے والے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو کیلئے مدعو کیا گیا ۔جس میں یہ واضح کیا گیا کہ جولائی میں ہونے والے الیکشن کے بعد قائم ہونے والی حکومت عسکری پالیسی کے مطابق کام کررہی ہے اور فوجی قیادت کے زیر اثر اور پسندیدہ فیصلے دے رہے ہیں۔اس سے یہ تاثر دیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئی قائم ہونے والے جمہوری حکومت ملک میں بسنے والی لبرل سوسائٹی مخالف ہے اور غریب کی آواز نہیں سنی جارہی۔