اسلام آباد (آن لائن) پاکستان سے بیرون ملک دولت منتقل کرنے اورمنی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیوں کا آغاز کردیا گیاہے جبکہ د بئی میں زمینیں خریدنے والوں کو بھی گرفت میں لانے کیلئے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی طرف سے چاروں صوبوں کے ڈائریکٹرز کو جاری کئے جانے والے حکم نامہ کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی حوالہ یا ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کو بلاتاخیر تحقیقات کے بعد گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے
کہ حوالہ ڈیلر ‘ ایس ٹی آرز ‘ بٹ کوئین ڈیلرز اور دوبئی میں زمینیں خریدنے ولوں کے خلاف فوری تحقیقات کرکے انہیں گرفتار کیا جائے جبکہ ہر کیس کے ہمراہ اسکی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ بھی ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کی جائیں۔ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں گزشتہ روز ڈائریکٹرز کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں منی لانڈرنگ کے تدارک کے لئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں متوقع ہیں۔