لاہور(آ ئی این پی)لاہور ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا، کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کو جدید طرز پر پوائنٹ سسٹم سے منسلک کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں پوائنٹ سسٹم شامل کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ۔
جمعرات کو سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں شہریوں کو ٹریفک سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، نئے ڈرائیونگ لائسنس میں پوائنٹس شامل کئے جائیں گے ۔عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ بار بار خلاف ورزی کرنیوالوں کے پوائنٹس کم ہونے سے لائسنس منسوخ کیا جا سکے گا، اس سلسلے میں عدالت نے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں پوائنٹ سے متعلق قائم کمیٹی سے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔دریں اثنا عدالت نے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سڑکوں پر اوور سپیڈنگ کرنے والو ں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کر دی،عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کو 17 دسمبر کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔وا ضح رہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ڈرائیونگ لائسنس کیساتھ پوائنٹ سسٹم بھی ہوتا ہے جس میں شہری کو قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں پوائنٹس میں کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بار بار خلاف ورزی کرنے یا مطلوبہ پوائنٹس باقی نہ رہ پانے کی صورت میں لائسنس کینسل کرکے شہری کو دوبارہ ڈرائیونگ کی تربیت لینے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ان دنوں اہم اقدامات کیے جارہے ہیں ، جن میں ہیلمٹ پر سختی، ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ اور گاڑیوں کو اصل مالک کے نام پر منتقل کرانے کی مہم شامل ہے۔ ساتھ ہی ساتھ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔