اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بیٹی کوخصوصی پروٹوکول نہ ملنے پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری ایچ ای سی پر برس پڑیں، ایچ ای سی کےڈگریوں کی تصدیق کے نظام کومضحکہ خیزاور ہراساں کرنے والا قرار دےدیا۔تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی نے وفاقی وزیرکی بیٹی کی آسٹریلوی یونیورسٹی سےحاصل کی گئی قانون کی ڈگری کی تصدیق کر دی تاہم پاکستان میں قانون کی پریکٹس کرنے کے لیےخصوصی ٹیسٹ پاس کرنے کی شرط عائد کر دی، جس پر وفاقی وزیر اور ان کی بیٹی سیخ پا ہو گئیں۔
واضح رہے سپریم کورٹ نے بیرون ملک سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے والوں کو پاکستان میں قانون کی پریکٹس کرنے کے لیے خصوصی ایکوویلنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم قرار دے رکھا ہے۔ ٹوئٹرپرجاری اپنے ایک پیغام میں شیریں مزاری نےکہا کہ ایچ ای سی چربہ سازی اور ایگزیکٹ کی ڈگریوں کو تو نہیں پکڑ سکتا، لیکن جانی پہچانی غیر ملکی جامعات کی ڈگریوں کے حامل افراد کو ’’ہراساں‘‘ کرتا ہے اور غیر ملکی جامعات کی تصدیق شدہ ڈگریوں کی دوبارہ تصدیق کے لیے 5ہزار وصول کئے جاتے ہیں۔