اسلام آباد(اے این این) پاکستان میں چین کے سفیر یا ؤجنگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سی پیک کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ ہوا ، معاشی ترقی کے ذریعے غربت اور انتہا پسندی کو ختم کیا جاسکتا ہے،چین نے قیام امن کیلئے افغانستان اور بھارت کے ساتھ معاملات کے حل کے لئے بات چیت بھی کی ہے ۔اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کے دوران چین کے سفیر یا جنگ کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے ذریعے غربت اور انتہا پسندی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
چین کا ون بیلٹ اینڈ روڈ پروجیکٹ معاشی ترقی کا وژن ہے، اس کے تحت چین نے 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، اس پروگرام کا مقصد ہمسایوں کے ساتھ ترقی کے شعبے میں تعاون کرنا ہے، سی پیک براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہترین نمونہ ہے جب کہ ون بیلٹ ون روڈ نے منصوبے نے خطے کے عوام میں روابط کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ وژن کے تحت سی پیک سب سے بڑا پروجیکٹ ہیں، جس کے 22 منصوبوں میں سے کچھ مکمل ہوگئے ہیں اور کچھ پر کام جاری ہے۔ پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سی پیک کومزید وسعت دینے کا فیصلہ ہوا ہے، یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران کے دورہ چین کے دوران ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمسا ئیہ ممالک کے مابین روابط کو فروغ دینا چاہتا ہے، چین خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے، جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی سب سے بڑا مسئلہ ہے، افغانستان کا معاملہ سب سے اہم ہے، چین نے قیام امن کیلئے افغانستان اور بھارت کے ساتھ معاملات کے حل کے لئے بات چیت بھی کی ہے