لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں پاکستا ن کی تاریخ کا طویل ترین کابینہ اجلاس، وزراءکی3ماہ کی کارکردگی سے متعلق اجلاس صبح 11بجے سے رات کے کھانے تک جاری رہا۔روزنامہ جنگ کے مطابق،وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ روز کابینہ اجلاس کی صدارت کی جسے پاکستان کی 71سال کی تاریخ میں طویل ترین کابینہ اجلاس کہا جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان صبح 11بجے ہی ہر وزارت کی تین ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے اپنے دفتر پہنچ گئے ، جس کے بعد یہ اجلاس رات کے کھانے تک جاری رہا جو کہ پاکستان میں ایک غیر معمولی بات ہے۔نواز شریف ، بےنظیر بھٹو، جنرل مشرف اور جنرل ضیا الحق وغیرہ بھی 3سے4گھنٹےکے کابینہ اجلاس کی صدارت کرچکے تھے ، تاہم عمران خان نے گزشتہ روز جس کابینہ اجلاس کی صدارت کی وہ ملک کی پارلیمانی تاریخ میں یقیناًطویل ترین اجلاس ہے۔تاہم اس کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اسی ضمن میں اسپین کے فوجی آمر جنرل فرانسسکو فرانکو کے عالمی ریکارڈ کو توڑ نہیں سکے۔ اسٹینلی پیئن کی کتاب، دی فرانکو رجیم ، 1936تا1975 کے مطابق، جنرل فرانکو 1940کی دہائی میں کابینہ کا اجلاس صبح 10بجے طلب کرتے تھے جو کہ اگلے روز صبح 4بجے تک جاری رہا کرتا تھا۔ان کے وزراًدوپہر 2بجے تک جنرل فرانکو کا لیکچر سنتے تھے۔جنرل فرانکو 33برس کی عمر میں جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے جو کہ یورپ کے نوجوان ترین جنرل تھے ۔ جنگ عظیم دوئم کے دوران جنرل فرانکو نے اسپین کی گھڑیوں کو نازیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایک گھنٹہ پیچھے کردیا تھا، جس میں پھر کبھی تبدیلی نہیں کی گئی۔اس فیصلے کے باعث اسپین تکنیکی اعتبار سے غلط ٹائم زون میں چلا گیا، کیوں کہ اسے لندن اور لسبون کی طرح جی ایم ٹی میں ہونا چاہیئے تھا لیکن وہ اس کے بجائے اس وقت سے وسطی یورپی ٹائم زون میں ہے۔طویل ترین کابینہ اجلاسوں کی دیگر مثالوں میں نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری نے اپنے ملک کے طویل ترین کابینہ اجلا س کی صدارت 20دسمبر،2017کو کی تھی۔