راولاکوٹ(اے این این) سابق صدر ریاست محمد یعقوب خان کوآزا دکشمیر کا وزیراعظم بنانے کی تیاریوں کی شروعات ہوگئیں ۔ شریف خاندان پر آزمائشوں اور گرفتاریوں کے بعد موجودہ صدر مسعود احمد خان کی طرف سے عدم دلچسپی کے بعد مسعود احمد خان کو ہٹانے کے ساتھ پہلے مرحلہ میں یعقوب خان کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم بنانے کا فیصلہ سامنے آیا ہے ۔
یعقوب خان کو وزیراعظم بنانے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑوں میں اتفا ق رائے پیدا کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق راجہ فاروق حیدر کی کابینہ کی اکثریت نے فاروق حید رپر تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایک چارج شیٹ تیار کی جارہی ہے۔ جس میں وزراء سے تعاون نہ کرنے اقرباء پروری کرنے سابق وزیر اعظم عتیق خان کی طرح بیرون ممالک دوروں میں اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کو لے جانے اور خاص کر نواز شریف کی حکومت کی برطرفی اور گرفتاریوں پر خاموشی اختیار کرنے پر فاروق حیدر کو ہٹانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں اس منصوبے پر عملدآمد کر کے چوہدری طارق فاروق کو نیاوزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ لیکن چوہدری طارق فاروق نے انکار کردیا جس کے بعد فاروق سکندر کا نام سامنے لایا گیا لیکن اُن کی نہ تجربہ کاری اور کم عمری کے باعث اس منصوبہ پر عمل نہ ہوا اب دونوں پارٹیوں نے اس پر اتفاق کر کے نئے وزیر اعظم کے لیے یعقوب خان کو سامنے لانے پر تیاریاں شروع کردیں۔ ن لیگ کے ممبران اسمبلی کے ساتھ تحریک انصاف ، مسلم کانفرنس کے دو ممبران اسمبلی بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون کر کے یعقوب خان کے الیکشن جیتنے کی صورت فاروق حیدر کے جگہ اُن کو نیا وزیر اعظم بنائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں مسعود خان کو ہٹا کر چوہدری طارق فاروق کو نیا صدر بنایا جائے گا۔ اسی متوقع تبدیلی کے تناظر میں مسعود خان کے خاندان نے راولاکوٹ میں حسن ابراہیم کی انتخابی مہم شروع کردی ہے۔
کیونکہ ابراہیم خاندان مسعود خان کے صدر آزاد کشمیر بننے کے وقت اُن کے دہرے معیار اور طرز عمل کے باعث پہلے ہی ان سے خفا ہے ۔ اس خفگی کو ختم کرنے مسعود احمد خان نے گزشتہ دنوں سرتوڑ کوشش کی کہ ن لیگ حسن ابراہیم کے مد مقابل اپنا اُمیدوار سامنے نہ لائے اس ناکامی کے بعد مسعو د احمد خان کے قریبی رشتہ دار حسن ابراہیم کے مہم میں کود پڑے ہیں۔ جبکہ شریف خاندان زرداری کے ساتھ مل کراپنا وزیراعظم لانے اور مسعود خان کی جگہ ن لیگ سے طارق فاروق کو صدر ریاست بنانے کا منصوبہ سامنے لایا ہے۔