اسلام آباد (مانییٹرنگ ڈیسک)لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف کیلئے پہلے دن کوئی ملاقاتی نہیں آیا نہ گھر سے کھانا آیا۔نجی ٹی وی کے مطابق انہیں ناشتے میں دو سلائس اور چائے،دوپہر کو سفید چنے اور چپاتی جب کہ رات کو چکن سالن دیا گیا ہے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے کمرے کے ساتھ ساتھ چھوٹا سا صحن ہے جہاں وہ چہل قدمی کرتے ہیں۔شہباز شریف کا دروازہ شام ساڑھے 5 بجے کھولا جاتا ہے اور 7بجے بند کر دیا جاتا ہے۔شہباز شریف سے ملاقات کا دن جمعرات مقرر کیا گیا ہے تاہم اس دن ان سے گھر
سے کوئی ملنے نہ آیا۔واضح رہے شہبا زشریف کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سکیورٹی سیل چار دیواری میں ہے جس کے اندر چھوٹا سا باغیچہ ،کمرہ ،اٹیچ باتھ، بیڈ ،میز اور دو کرسیاں موجود ہیں ۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو عدالتی و ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بی کلاس کی سہولت دینے کے حکم پر انہیں ٹی وی ، میٹرس ، اخبار، پین اور رجسٹر کے علاوہ ایک قیدی مشقتی بھی دیا گیا ہے علاوہ ازیں ان کے اہلخانہ کی جانب سے ادویات ، کمبل ، تولیا، صابن اور کپڑے بھی پہنچا دئیے گئے ہیں۔