لندن(وائس آف ایشیا) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے موجودہ دور حکومت میں ابتک کوئی کرپشن سکینڈل نہیں بنا، قومی خزانہ بھی پہلی بار حیران ہے کہ اسے کسی نے نہیں لوٹا، پہلی بار کلچر سامنے آیا ہے کہ کابینہ ارکان خود کو احتساب کیلئے پیش کر رہے ہیں۔لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو سب سے بڑا چیلنج ادائیگیوں کا تھا، موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں۔
پہلے 100 روز میں برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔فواد چودھری کا کہنا تھا جب سے حکومت سنبھالی قومی خزانہ حیران ہے کہ اسے کسی نے لوٹا نہیں، موجودہ حکومت کے 100 روز میں کسی قسم کا کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ کلچر نئے پاکستان میں متعارف کرایا، جہاں کابینہ کے افراد بھی خود کو احتساب کیلئے پیش کر رہے ہیں، ماڈل ٹاؤن سانحے میں ہلاکتوں پر کسی نے استعفیٰ نہیں دیا، اعظم سواتی پر الزام لگا اور انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا۔