اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی نے استعفیٰ دیدیا، وزیراعظم عمران خان نے استعفیٰ قبول کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس کا سامنا کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ وہ اخلاقی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں
ان کے خلاف آئی جی تبادلہ کیس کا سامنا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں آئی جی تبادلہ کیس میں چیف جسٹس نے وفاقی وزیرسینیٹر اعظم سواتی کے خلاف آرٹیکل 62ون ایف کے تحت کارروائی کرنے کا کہا تھا۔ اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے اعظم سواتی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی حاکم وقت بھینسوں کے معاملے میں عورتوں کوجیل بھیجتا ہے ، آپ حاکم وقت ہیں آپ نے ایک عورت اور اس کے بچوں پر ظلم کیا اور اسے جیل بھجوا دیا۔