اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ سے متعلق نیب کی استدعا مسترد ، جیل بھجوانے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے نیب لاہور کی تحویل میں تھے۔مذکورہ کیس کی 29 نومبر کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے
شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کی تھی۔جسمانی ریمانڈ کے خاتمے پر نیب حکام نے شہباز شریف کو آج احتساب عدالت کے نجم الحسن کے روبرو پیش کیا۔سماعت کے دوران نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔تاہم نیب پراسیکیوٹر عدالت کو مطمئن نہ کرسکے اور دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت نے شہباز شریف کو جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔