لاہور(اے این این)شاہین ایئرلائن نے لاہور سمیت ملک بھر سے اپنا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا جس کی وجہ سے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد پائلٹ، ایئرہوسٹس ،ورکروں اور ٹیکنیکل اسٹاف ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔پاکستان کی دوسری بڑی ایئر لائن شاہین ایئر لائن کا ملک بھر سے فضائی آپریشن مکمل طور پر بند ہوگیا آپریشن بند ہونے سے سول ایوی ایشن، پی ایس او سمیت دیگر ادارے اپنے اربوں روپے کے واجبات بھی ائیرلائن کی انتظامیہ سے وصول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
شاہین ایئر لائن نے سول ایوی ایشن کے تقریبا ڈھائی ارب روپے ادا کرنے ہیں جب کہ شاہین ایئرلائن نے اپنے طیارے جو غیر ملکی کمپنیوں سے خریدے تھے یا لیز پر لیے تھے وہ بھی واپس بھجوا دیئے ۔شاہین ایئر لائن سے صرف سول ایوی ایشن نے نہیں بلکہ پی ایس او، کیٹرنگ سروسز سمیت مختلف کمپنیوں نے اربوں روپے وصول کرنے ہیں، شاہین ایئر لائن نے ملازمین کو گذشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں دی اور سارے ملازمین بشمول سینئر پائلٹس بھی بے روزگار ہو چکے ہیں۔