اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معیشت کے تمام اشارے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور کسی قسم کی ہیجانی کیفیت نہیں لہٰذا معاشی صورتحال سے متعلق غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کیا جائے ٗپی ٹی آئی کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، اسٹیٹ بینک غیر جانبدار اور خود مختار رہے گا ٗکرتار پور بارڈر بہت اچھا اقدام تھا اس پر پاکستان بھارت سے مثبت جواب کی امید رکھتاہے اور جواب کا منتظر ہے۔
دو ریاستوں کے درمیان کشیدگی اور سیاسی تنازعات ختم کرنے کیلئے الگ سوچنا ہوگا ٗ کانفرنس میں بھارت کا شرکت نہ کرنا افسوس ناک ہے، دونوں ممالک کو آؤٹ آف باکس حل سوچنا پڑے گا۔ منگل کو گیارہویں جنوبی ایشیاء اقتصادی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ کرتار پور بارڈر بہت اچھا اقدام تھا اس پر پاکستان بھارت سے مثبت جواب کی امید رکھتاہے اور جواب کا منتظر ہے، دو ریاستوں کے درمیان کشیدگی اور سیاسی تنازعات ختم کرنے کیلئے الگ سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سارک جنوبی ایشیاء کا مستقبل مضبوط کرے گا، کانفرنس میں بھارت کا شرکت نہ کرنا افسوس ناک ہے، دونوں ممالک کو آؤٹ آف باکس حل سوچنا پڑے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ کا فیصلہ اسٹیٹ بینک نے کیا تھا اور بینک یہ فیصلہ جاری رکھے گا، ڈالر کی قیمت کا حتمی فیصلہ اسٹیٹ بینک کرتا ہے البتہ ضرورت پڑی تو اسٹیٹ بینک کاطریقہ کار مضبوط کیا جائیگا۔اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، اسٹیٹ بینک غیر جانبدار اور خود مختار رہے گا، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے درمیان رابطے کا میکنزم بنایا جا رہا ہے، گورنر، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کوئی میکنزم پیش کریں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات بڑھ رہی ہیں اور خسارے کم ہو رہے ہیں، کسی قسم کی ہیجانی کیفیت نہیں، ملک میں جلد بھاری سرمایہ کاری آئیگی، معیشت کے تمام اشارے بہتری کی طرف گامزن ہیں لہٰذا معاشی صورتحال سے متعلق غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
اسد عمر نے کہا کہ فنانس بحران ختم ہوگیا اور گیپ پورا کرلیا، ابھی بنیادی کام کررہے ہیں، ابھی صرف سمت نظر آئی ہے اور بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، روپے کی قدر میں گراوٹ کی رفتار گزشتہ دور کے مقابلے میں کم ہے، روپے کی قدر میں کمی کے بنیادی مسائل اب حل ہونا شروع ہو گئے ہیں .ملک مالی خسارے کا متحمل نہیں ہوسکتا، پہلے بھی اقدامات کیے اب بھی کریں گے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان کے پاس آج ایک رہنما ہے جو رسک لیتا اور بولڈ پوزیشن لیتا ہے۔اسد عمر نے امید ظاہر کی کہ ایس ڈی پی آئی کانفرنس میں مسائل کا کوئی حل نکلے گا اور تجاویز دی جائیں گی۔