لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے بارے حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا، پنجاب گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا کام شروع ہو گیا، وزیراعظم نے 72 گھنٹے میں کام پر عملدرآمد کا وعدہ کیا تھا، اب گورنر ہاؤس کی دیواریں گرا کر ان کی جگہ جنگلے لگائے جائیں گے، تحریک انصاف نے اپنی انتخابی مہم میں دیواریں گرانے کا وعدہ کیا تھا اب اس پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے
اور دیواروں کی توڑ پھوڑ کا آغاز ہو چکا ہے،58 ملین روپے کی لاگت سے یہاں پر حفاظتی جنگلے لگائے جائیں گے، واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے بڑاحکم دیتے ہوئے کہاتھا کہ گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں فوری گرا دی جائیں، عام آدمی کی معاشی اور سماجی زندگی میں بہتری کے اقدامات تیز کیے جائیں، مہنگائی کم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کی جائیں ۔ ہفتہ کو عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس دورا ن وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ عام آدمی کی معاشی اور سماجی زندگی میں بہتری کے اقدامات تیز کیے جائیں۔اجلاس میں عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب لیبر پالیسی 2018 کے مسودے کی منظوری دیدی گئی، پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2018 کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی ہے، زرعی پالیسی 2018 کی پالیسی کے مسودے کی منظوری دیدی گئی۔وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونیوالے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے بھی کیے گئے، عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں فوری گرانے کا حکم دیا۔ عمران خان نے صوبے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک وعدہ پورا کرنے کا کہا، انہوں نے گورنر ہاوس کی دیوار گرانے کا حکم دیا، اڑتالیس اور بہتر گھنٹوں کے اندر دیواریں گرانے پر عملدرآمد شروع کرنیکا حکم بھی دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہر وزیر دو صفحوں میں جو جو کام کیا وہ بتائے اور آگے کے پلان بارے بھی بتائے گا۔وزیر اعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا،
وزیر اعظم نے واضح کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی منسٹر کا نام نہ آئے، آٹھ دس دسمبر کے درمیان ایک پروگرام پنجاب کے حوالے سے رکھا جائے گا، ہر محکمے کی کارکردگی سامنے رکھی جائیگی۔ دس سے بیس تاریخ کے درمیان ہر وزیر اپنے وزارت کارکردگی پریس کانفرس کے ذریعے عوام کو بتائے گااجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم کی زیرصدارت پنجاب کابینہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس کی دیوار گرانے کا حکم دیا جبکہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو 100 روزہ پرفارمنس پربریفنگ دی گئی۔