اسلام آباد(سی پی پی)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بجلی کی پیداوار اور ترسیلی نظام کے جائزے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا میں پاور جنریشن اور مینجمنٹ کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بجلی چوری روکنے کیلئے کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور لائن لاسز کم کرنے کی ہدایت کر دی۔وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب کے علاوہ پاور ڈویژن اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو خیبرپختونخوا میں بجلی کی تقسیم کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی ۔وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ پاور جنریشن کا نظام مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے، صوبے میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لئے بھی بر وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم نے ہائیڈل پاور منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی بہت گنجائش ہے، جس کیلئے مزید منصوبے زیر غور ہیں۔