اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کے موقع پر مسئلہ کشمیر کا ذکر کرنے پر بھارت نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنا دیا اور کہا کہ پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم عمران خا ن نے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ مسئلہ کشمیر ہے۔ کیا ہم ایک مسئلہ حل نہیں کرسکتے؟
انسان چاند پر پہنچ چکا ہے تو کیا ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کر سکتے؟یہ بات بھارت کو ہضم نہ ہوئی اوربھارتی وزارت خارجہ نے تنقیدی وار کر دیا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان روش کمار کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے سکھ فرقہ کے کرتارپور راہداری کے دیرینہ مطالبہ کے سلسلہ میں منعقدہ مذہبی تقریب کے موقع پر جموں کشمیر کا ذکر کرکے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔