راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری امن کی طرف ایک قدم ہے جس کی ہمارے خطے کو ضرورت ہے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر اپنے بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ سرحد پر خار دار تاریں ایک خودمختار ریاست اس لیے لگاتی ہے تاکہ وہ غیر قانونی آمد و رفت کی نگرانی اور اسے روک سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ
راہداریاں اور ابواب پرامن اور قانونی وزیٹرز کیلئے ہوتے ہیں اور یہی معاملہ ہمارے ہمسائیوں کیلئے ہے۔دریں اثناء بھارتی میڈیا کی طرف سے گوپال چاولہ کی آرمی چیف کے ساتھ لی گئی تصویر کو منفی انداز میں پیش کر نے پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف بلاشناخت موقع پر موجود تمام مہمانوں سے ملے، بھارتی میڈیا کا گوپال چاولہ کی آرمی چیف کے ساتھ لی گئی تصویر دکھانا تنگ نظری ہے ٗامن کا اقدام پروپیگنڈے کی نذر نہیں کر ناچاہیے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گوپال چاؤلہ کی حافظ سعید کے ساتھ تصاویر بھی زیر گردش ہیں اور گوپال چاؤلہ کو سکھ آزادی پسند قراردیاجاتاہے۔