واشنگٹن (آئی این پی) پاکستان کے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم نامزد کرنے اور حکومت بنانے کے اعلان کے بعد امریکہ بھی میدان میں آگیا ہے اور اعلان کردیا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیاہے کہ دونوں ملکوں کا ملکر کام کرنا خطے کے مفاد میں ہے۔ امریکہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ مل کر جنوبی ایشیاء میں سکیورٹی، استحکام اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرے گا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ بیان ا س وقت سامنے آیا ہے جب چند گھٹنے قبل پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان نے اپنی وکٹر ی سپیچ میں جہاں دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی خواہش کا اظہار کیا تھا وہا ں یہ بھی کہا تھا کہ ہم امریکہ کے ساتھ برابر ی کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔