اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )معروف صحافی حامد میر نےایفی ڈرین کیس کے فیصلے کو انتہائی متنازعہ قرار دے دیا ۔نجی ٹی وی پر رد عمل دیتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ پچھلے 6,7سال سے یہ کیس چل رہا تھا ،گزشتہ دو اڑھائی سال سے حنیف عباسی عدالت سے درخواست کر رہے تھے کہ میرا کیس سنا جائے لیکن اے این ایف کا وکیل تاریخ پر تاریخ لے رہا تھا لیکن پھر جب انتخابی مہم کا آغاز ہوا تو عدالت میں ایک درخواست گئی کہ ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ الیکشن
سے پہلے کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ یہ سیاسی نوعیت کا فیصلہ ہے ،شیخ رشید حنیف عباسی کا مقابلہ نہیں کر سکتے تھے اس لیے انہیں جتوانے کے لیے فیصلہ کیا گیا ۔حامد میر نے کہا کہ جس نے بھی یہ فیصلہ کروایا یا جو اس کا ماسٹر مائنڈ ہے ،اس نے نواز شریف کے بیانیے کو تقویت دی ہے۔واضح رہے حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔