سیالکوٹ(سی پی پی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکے والے شخص کو ایک ماہ جیل کی سزا سنادی۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ مظفر پور کے رہائشی فیاض رسول کو نفرت آمیز جذبات ابھارنے اور نقصِ امن کا ماحول پیدا کرنے پر سزا سنائی گئی۔حکم نامے میں کہا گیا کہ فیاض رسول نے اپنی شرانگیزتقریر کے ذریعے مختلف موقعوں پر مذہبی ہم آہنگی اور پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے
کی کوشش کی جو کہ پبلک آرڈ کی خلاف ورزی ہے تاہم ملزم مزید پرامن ماحول کو بگاڑسکتا ہے۔پنجاب مینٹینس آف پبلک آرڈ آرڈیننس 1960 کے سیکشن 3 کے تحت حوالگی کے حکم نامے میں تحریر کیا گیا کہ قانون کی بالادستی ، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کو روکنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ 10 مارچ کو خواجہ آصف مسلم لیگ(ن)کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے کہ ایک شخص نے ان پر کالی سیاہی پھینکی تھی۔