اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی نے صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینٹ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح صادق سنجرانی کا انتخاب ہوا ہے، اگر میرا بھائی بھی اس انداز سے چیئرمین سینٹ کا امیدوار ہوتا تو اسے ووٹ کبھی نہ دیتا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کو توبہ کرنا ہو گی اور آئین
کی پاسداری کرنے کا حلف لینا ہوگا۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ سب نے آئین کے تحت حلف اٹھایا ہوا ہے، آئین کی خلاف ورزی کرنے والا غدار قرار پائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئین عزیز ہے تو اللہ کے لیے اس کی پاسداری کریں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سینٹ ارکان شفاف طریقے سے منتخب نہیں ہوئے ہیں۔ اس موقع پر محمود اچکزئی نے کہا کہ میاں نواز شریف ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ ووٹ کا تقدس بحال رکھنا ہے۔