اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو آئندہ انتخابات کے بعد ملک کا وزیراعظم بنائے جانے کا معاملہ ابھی تک حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ تفصیلات کے مطابق ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق میاں نواز شریف کی طرف سے شہباز شریف کو آئندہ انتخابات کے بعد وزیراعظم بنائے جانے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کی راہ میں بعض مسائل حائل ہیں،
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف قومی کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقے سے بھی انتخابات لڑنا چاہتے ہیں، میاں نواز شریف چاہتے ہیں کہ اگر وفاق میں آئندہ حکومت نہ بھی بن سکی تو صوبے میں ضرور بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے اور یوں میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے لیے راہ ہموار ہو جائے گی لیکن میاں شہباز شریف صوبے کی سیاست سے مکمل طور پر دستبردار نہیں ہونا چاہتے۔ اخبار کے مطابق موجودہ صورتحال میں (ن) لیگ کو مکمل یقین نہیں ہے کہ اگلی حکومت ان کی ہو گی یا نہیں، گو کہ میاں محمد نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ پنجاب کی قیادت مریم نواز کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، میاں محمد نواز شریف کو یقین ہے کہ اگر ان کی وفاق میں حکومت نہ بن سکی تو پنجاب میں وہ حکومت بنانے میں کامیاب رہیں گے، اخبار کے مطابق ایسی صورت میں مریم نواز کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا راستہ صاف ہو گا مگر یہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب میاں شہباز شریف پنجاب سے دستبردار ہو جائیں اور اپنی ساری توجہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی کی طرف دیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے لیے کسی بھی حلقے سے امیدوار نہ بنیں بلکہ قومی اسمبلی میں جن حلقوں سے چاہیں وہ انتخاب میں حصہ لیں مگر وہ اس پر رضا مند نہیں ہیں وہ پنجاب اسمبلی کی نشست ہر صورت میں رکھنا چاہتے ہیں۔