اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں بھارت نے اپنے فوجی کردار میں اضافے کے لیے مزید اقدام اٹھانے شروع کر دیے، تفصیلات کے مطابق ایک موقر قومی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک مرکز میں افغان خفیہ ایجنسی کی 35 سے زائد خواتین کی تربیت شروع کر دی گئی ہے، افغانستان کے وزارت دفاع کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ
بھارت افغان خواتین کو فوجی تربیت دے رہا ہے جس میں زمینی اور فضائی کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس کے اہلکار بھی شامل ہیں، قومی اخبار کے مطابق اس سے قبل بھارت صرف افغانستان میں مرد فوجیوں کی تربیت کرتا رہا ہے مگر اب اس نے خواتین اہل کاروں کی انٹیلی جنس تربیت بھی شروع کر دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ٹریننگ کے لیے معاہدہ اگست میں کیا گیا اور اس معاہدے کے بعد 35 کے قریب خواتین کو ٹریننگ کے لیے بھجوایا گیا، واضح رہے کہ ان خواتین کا انتخاب بھارت نے خود کیا ہے کیونکہ یہ خواتین پاکستان کے اندر تک رسائی رکھتی ہیں اور ٹریننگ حاصل کرنے والی یہ خواتین کئی بار پاکستان جا چکی ہیں، پاکستان میں 27 لاکھ افغانی باشندے مختلف شہروں میں رہ رہے ہیں اور یہ افغان خواتین شادی بیاہ اور دوسری تقریبات پر پاکستان آتی جاتی رہتی ہیں۔ اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خواتین کو چیکنگ اور چھان بین میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے، اسی وجہ سے بھارت نے اب خواتین ایجنٹوں کو استعمال کرنے کا پروگرام بنایا ہے کیونکہ کلبھوشن یادیو اور بھارتی نیٹ ورک پکڑے جانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداروں نے بھارتی انٹیلی جنس ایجنٹوں کا خاتمہ کر دیا ہے اسی وجہ سے بھارت اب ان افغانی خواتین کا سہارا لیناچاہتا ہے۔