اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کی بہبود اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے‘ اقلیتوں کے تحفظ کے لئے حضور پاکؐ کے سنہری اصول ہماری رہنمائی کرتے ہیں‘ بانی پاکستان کا وژن اور ہمارا آئین بھی اقلیتوں کو تحفظ فرہام کرتا ہے‘ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر ہم آزاد معاشرے کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم نے دنیا بھر میں ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی بہبود اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ کے لئے حضورؐ کے سنہری اصول ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ بانی پاکستان کا وژن اور ہمارا آئین بھی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ کوئی مذہب نفرت اور تشدد کا درس نہیں دیتا۔ ہر مذہب انسانیت کے لئے امن ‘ ہم آہنگی اور محبت کے فروغ کا درس دیتا ہے۔ مذہبی رہنما معاشرے کو انسانی بندھن میں باندھنے کے لئے مذہبی اقدار کو فروغ دیں۔ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر ہم آزاد معاشرے کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔