اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان بڑی مشکل میں ہیں، عمران خان کے متعلق جو فیصلہ آئے گا وہ بہت ہی سخت ہو گا، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ نگار حامد میر نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ نواز شریف کا کیس عمران خان کے کیس سے مختلف ہے،
انہوں نے کہا کہ میں چھ سات مہینوں سے متواتر کہتا آ رہا ہوں کہ نواز شریف اور عمران خان ایک دوسرے کے گلے لگ کر روئیں گے کہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا نہیں کیا ، یہ بات میں نے ایک دفعہ نہیں کئی بار کہی ہے۔ پاناما کا فیصلہ بالکل واضح تھا مگر ایک اقامہ پر نواز شریف کو نااہل کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین دفعہ وزیراعظم بنے تھے، عمران خان کبھی بھی وزیراعظم نہیں رہے ، لیکن جب میں عدالت جا کر عمران خان کا کیس سنتا تھا تو مجھے عمران خان کا کیس بہت کمزور لگتا تھا، انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کا موقف بھی تبدیل ہو رہا ہے یہ اپنے دلائل کو واضح طور پر عدالت میں پیش نہیں کر پا رہے ہیں۔ اسی لیے میں نے کہنا شروع کر دیا کہ ان دونوں کا انجام ایک جیسا ہی ہوگا ،میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت عمران خان بڑی مشکل میں ہیں، ان کے وکیل نعیم بخاری بھی بڑی مشکل میں ہیں، نواز شریف بارے جو سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے وہ میرے اور بہت سے لیگل ایکسپرٹ کے مطابق بہت ہی ہلکا فیصلہ ہے اور عمران خان کے متعلق جو فیصلہ آئے گا وہ بہت ہی سخت ہو گا۔