لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی دارالحکومت لیگیوں کا گڑھ بن گیا ہے۔نجی ٹی وی چینل’’دنیا‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بدیس میں دیس کے فیصلے ہونے لگے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر لیگی قائدین نے لندن کا رخ کر لیا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جو امریکہ کے دورے پر تھے، گزشتہ رات لندن
پہنچے۔ شہباز شریف نے بھی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے سیون فائیو سیون سے برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر رہنماء پہلے ہی سے لندن میں موجود ہیں جہاں لیگی رہنماء سر جوڑ کر بیٹھے ہیں اور اہم فیصلے کر رہے ہیں۔ آج حسن نواز کے دفتر میں ہونے والی اہم بیٹھک میں عدالتی کیسز، پارٹی صدارت اور ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے ہوئے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے لندن پہنچنے کے بعد اگلے چوبیس گھنٹے میں نون لیگ کے بڑوں کی ایک اور اہم بیٹھک متوقع ہے جس میں اہم فیصلوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ چند روز میں وزیر اعظم کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیں گے اور وطن واپس نہیں آئیں گے جبکہ میاں نواز شریف اگلے تین سے چار ماہ لندن ہی میں رہیں گے۔ دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کے متعلق بھی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ آئندہ چار سے چھ ماہ سفر نہیں کر سکیں گی جس کے باعث شاید این اے 120 کا الیکشن دوبارہ کرانا پڑے اور امکان ہے کہ یہ الیکشن شہباز شریف لڑیں گے اور پھر انہیں قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب کروایا جائے گا۔