اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ہائی کورٹ کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ بارے فیصلہ آنے پر وزیراعلیٰ نے اہم اجلاس طلب کر لیا، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے حکم کے بعد اپنی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، عوامی تحریک کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پنجاب حکومت کو پبلک کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے برعکس وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو پبلک نہ کرنے اور لاہور
ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں رانا ثنا اللہ اور رانا مقبول سمیت اہم قانونی مشیر بھی شامل ہوں گے۔ اس اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے تفصیلی فیصلہ ملتے ہی ہی انٹرا کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ جسٹس باقر نجفی نے تیار کی تھی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا تھا مگر پنجاب حکومت اس رپورٹ کو منظر عام پر لانے میں حیل و حجت سے کام لیتی رہی۔