اسلام آباد /لاہور ( این این آئی)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک مشینوں کے تجربے کو کامیاب قرار دے دیا، ابتدائی رپورٹس کے مطابق 88 فیصد ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق ہو گئی۔میڈیا رپورٹس میں الیکشن کمیشن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں ووٹرز نے بائیو میٹرک ووٹنگ میں دلچسپی لی۔ 39 پولنگ سٹیشنز پر
100 بائیو میٹرک مشینیں استعمال کی گئیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بائیو میٹرک مشینوں کے اعداد و شمار کچھ اس طرح سے ہیں کہ 22 ہزار 102 ووٹرز میں سے 19 ہزار 483 ووٹرز کی تصدیق ہوئی ہے۔ 2 ہزار 611 ووٹرز کی بائیومیٹرک تصدیق نہیں ہو سکی۔پائلٹ پراجیکٹ کی تفصیلی رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کی جائیگی۔