اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے ایک ماہ میں 150ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرکے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاسوں میں مسلسل شریک ہو کر نیا ریکارڈ قائم کردیا‘ شاہد خاقان عباسی صبح 9بجے دفتر پہنچ جاتے ہیں جس کی وجہ سے وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے کو بھی بروقت دفتر میں حاضری کو یقینی بنانا پڑتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے اپنا منصب سنبھالنے کے پہلے ایک ماہ میں 150ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور کابینہ کے چار اجلاس بلائے۔ شاہد خاقان عباسی وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد ہونے والے سینٹ کے پہلے اجلاس میں ہی شریک ہوگئے اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں بھی باقاعدگی سے شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپنی حاضری کو یقینی بنا کر بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وہ صبح 9بجے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اپنے دفتر پہنچ جاتے ہیں جس کی وجہ سے وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے کو بھی وقت پر دفتر پہنچنا پڑتا ہے۔ شاہد خاقان عباسی اپنی ذاتی رہائش گاہ میں قیام پذیر ہیں اور وہ پرائم منسٹر ہائوس میں منتقل ہوئے نہ وزیراعظم ہائوس کا عملہ جس میں ان کے کک سے لے کر دیگر ملازمین بھی شامل ہیں کو اپنے گھر نہیں بلایا۔ شاہد خاقان عباسی پروٹوکول کے دلدادہ بھی نہیں تاہم سکیورٹی وجوہات کے باعث ان کی آمدو رفت کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے روٹ لگایا جاتا ہے۔ (ن غ/ آ چ)