اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام دیکھناچاہتے ہيں اس کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کابل میں امن برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہا اسلام آباد پڑوسی ملک افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،
افغانستان سے بات کرنے کے لیے کئی فورم موجود ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کیلئے جامع مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کی نماز کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امن افغانستان کا قومی ایجنڈا ہے، پاکستان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مختلف معاملات پر ان سے جامع بات چیت کے لیے تیار ہیں۔افغان صدر نے کہا کہ خطے کی سلامتی کی خاطر ہم منطق اور استدلال کے تحت ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں، ایسا امن چاہتے ہیں جس کی بنیاد سیاسی نظریے پر ہو۔