اسلام آباد (یوا ین پی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ، زیریں سندھ میرپورخاص، حیدرآباد، کراچی ڈویژن اور ملک کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے جبکہ سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، قلات، کوئٹہ، سبی، ژوب اور نصیر آباد میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کو اسلام آباد ، راولپنڈی، بہاولپور
، ملتان، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے تاہم اسلام آباد ، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ سب سے زیادہ بارش سرگودھا میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ، زیریں سندھ ، میرپورخاص، حیدرآباد، کراچی ڈویژن اور ملک کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور خشک رہے گا۔