اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 4 مشیروں اور5 معاونین خصوصی کو قلمدان تفویض کردیئے ، مشیروں کا عہدہ وفاقی وزیر جبکہ معاونین خصوصی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔ جمعرات کو ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے مقرر کردہ چار مشیران کو قلمدان سونپ دیئے ہیں، انجینئر امیر مقام کو سیاسی امور بارے مشیر مقرر کیاگیا ہے۔ عرفان صدیقی قومی تاریخ و ادبی ورثہ بارے وزیراعظم کے مشیر ہوں گے ۔
جام معشوق علی ارسا امور کے بارے میں مشیر ہوں گے جبکہ سردار مہتاب احمد خان ہوا بازی کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر ہوں گے ۔ وزیر اعظم کی طرف سے مقرر کردہ پانچ معاونین خصوصی کو بھی قلمدان سونپ دیئے گئے ہیں ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی سیاسی امور کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہوں گے۔ ظفر اللہ خان قانون بارے معاون خصوصی ہوں گے جبکہ خواجہ ظہیر احمد ادارہ جاتی اصلاحات کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہوں گے۔