اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کیا کرتے رہے؟ چوہدری نثار نے خوشامدی ٹولہ کس کو کہا؟ سینئر صحافی و تجزیہ نگار حامد میر نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس انتہائی توجہ سے سنی، چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاناما کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ سپریم کورٹ میں
جمع ہونے کے بعد انہیں کسی اجلاس میں نہیں بلایا گیا، حامد میر نے چوہدری نثار کی پریس کانفرنس میں نواز شریف کے اردگرد خوشامدی ٹولہ ہے جو ان سے صرف فائدہ اٹھا رہا ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کس کو بلانا ہے اور کس کو نہیں، یہ فیصلہ غیر منتخب نمائندے اور چند بیورو کریٹس کرتے ہیں جو کہ اجلاسوں میں نواز شریف کے ساتھ ہوتے ہیں اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی پریس کانفرنس میں خوشامدی ٹولے کا ذکر کرتے ہوئے کسی وزیر یا منسٹر کا لفظ استعمال نہیں کیا، حامد میر نے کہا کہ میرے خیال میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے الفاظ خوشامدی ٹولہ کا اشارہ کسی وزیر یا مسلم لیگ (ن) کے سینئر وزراء کی طرف نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی طرف سے یہ اشارہ ان لوگوں کی طرف ہے جو غیر منتخب ہیں اور کسی وزارت پر نہیں ہیں۔