اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چوہدری نـثار نے اچانک پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر دیا، نجی ٹی وی سما کے مطابق چوہدری نثار نے شہباز شریف ، اسحاق ڈار اور سعد رفیق کی درخواست مسترد کرتے ہوئےآج شام 5بجے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پریس کانفرنس سے روکنے اور اندرونی معاملات میڈیا پر نہ لانے کیلئے کیلئے کل پنجاب ہائوس
میں شہباز شریف ، اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر داخلہ کو منانے کیلئے ان سے طویل ملاقات کی جس میں چوہدری نـثار نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی وضاحت ضروری ہے، پارٹی معاملات سے مجھے کیوں علیحدہ کیا گیا؟۔ پریس کانفرنس کا اعلان ہوتے ہی ن لیگ کے اہم رہنمائوں میں ہلچل پیدا ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اہم ترین رہنمائوں میں اس وقت رابطے جاری ہیں جبکہ ایک حلقہ چوہدری نثار سے بھی دوبارہ رابطے کی کوششوں میں مـصروف ہو چکا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل چوہدری نـثار کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی وفاقی کابینہ اجلاس میں اختلاف اور واک آئوٹ کی خبریں میڈیا کی زینت بن چکی ہیں جبکہ چوہدری نثار نے ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ ان کو منانے کیلئے ن لیگ کی قیادت نے اس سے قبل بھی کوششیں کی ہیں جو بے سود ثابت ہوئی ہیں اور چوہدری نـثار اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اہم امور اور پارٹی معاملات پر مشاورتی عمل سے علیحدہ کئے جانے پر سخت نالاں ہیں جبکہ پانامہ کیس میں ن لیگ کی سیاسی ٹیم پر بھی وہ اپنے تحفظات کا اظہار قیادت کے سامنے برملا کر چکے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم پاکستان نواز شریف بھی مالدیب کے دورے کے
بعد آج وطن واپس آچکے ہیں۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے پہلے پریس کانفرنس کا ملتوی ہونا اور بعد ازاں سانحہ لاہور کے باعث وہ شاید اس بات کا انتظار کر رہے تھے کہ نواز شریف ملک میں موجود ہیں اور ان کی ملک میں موجودگی کے موقع پر وہ پریس کانفرنس کریں۔