لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پانامہ کیس سے متعلق ٹاک شوز پر پابندی کے لئے دائر درخواست کو نا قابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے امجد فاروق بسمل ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ
آئین اور ملکی قانون کے تحت عدلیہ میں زیر سماعت مقدمے پر رائے زنی نہیں کی جا سکتی۔ عدلیہ میں زیر سماعت مقدمات پر اظہار رائے عدالتی فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوشش اور توہین عدالت ہے۔انہوں نے دلائل دیئے کہ پیمرا آرڈیننس کے مطابق کسی بھی زیر سماعت مقدمے پر میڈیا میں رائے دینے پر پابندی عائد ہے۔ پانامہ کیس کے حوالے سے پچھلے آٹھ ماہ سے روزانہ ٹاک شوز کیے جا رہے ہیں۔ اینکر پرسنز ٹاک شوز میں جج کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پیمرا رولز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے۔ تاہم فاضل عدالت نے وکیل کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست کے ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔