اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر،وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ناراضگی نے حکمران جماعت کونئے امتحان میں ڈال دیا۔اسی تناظرمیں وزیر اعظم ہائوس میں اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں نواز شریف کے قریبی رفقا، مشیر ، وفاقی وزرا اور قانونی ماہرین شریک ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکو درخواست بھیجی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ پریس کانفرنس کو موخر کیا جائے ۔
اگر کرنی ہی ہے توپریس کانفرنس میں سخت باتیں نہ کی جائیں، اس سے پارٹی معاملات میں مزید بگاڑ پیدا ہو گا۔جس پر وزیر داخلہ نے صاف انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ پریس کانفرنس موخر نہیں ہوگی۔ واضح رہے وزیر داخلہ چوہدری نثار آج شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میںوہ اپنے خلاف ہونے والی سازشوں سے پردہ اُٹھائیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے پربھی بات چیت جاری ہے۔۔