اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری نثار نے جب نواز شریف کو اپنا پیسہ ملک میں واپس لانے کا کہا تو وزیراعظم سمیت مریم، حسن اور حسین نواز نے کیا جواب دیا؟ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار نے شریف خاندان سے پیسے واپس لانے کی بات کی تھی جس پر وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے رضا مندی بھی ظاہر کی،
سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ میں ایک دفعہ چوہدری نثار سے پوچھا کہ آپ نے کبھی وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک سے اپنی رقم واپس لانے کی بات نہیں کی؟ جس کے جواب میں چوہدری نثار نے کہاکہ میں نے شریف خاندان کو مشورہ دیا تھا کہ بیرون ملک اثاثے بیچ کر سارا پیسہ پاکستان واپس لے آئیں جس پر مریم نواز تو راضی تھیں لیکن حسن اور حسین نواز نے میری اس بات سے اتفاق نہیں کیا۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے مزید کہاکہ اگر مسلم لیگ (ن) نے بکھرنا ہے تو اس کی ابتداء چوہدری نثارعلی خان سے ہو گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) میں چوہدری نثار ہی واحد شخص ہیں جو اختلاف کی ہمت کر سکتے ہیں، انہوں نے پاناما کیس کے بارے میں کہا کہ امید ہے اگلے ہفتے تک فیصلہ آ جائے گا، مزید کہا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو انہیں ہر صورت سٹیپ ڈاؤن ہونا پڑے گا۔