کراچی (اے این این) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ شریف فیملی نے کرپشن کی ہے، نواز شریف کا شو ختم ہو گیا ،ہمیں سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے،عدالت شریف برادران کو باہر نکال دے گی ۔پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے ڈرگ روڈ پر شہید منور سہروردی انڈرپاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی کرپشن کرکے بچ نہیں سکتی, جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ شریف فیملی نے کرپشن کی ہے،
پورے ملک کی نظر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے ہمیں امید ہے کہ عدالت ہمیں انصاف دے اور شریف برادران کو اقتدار سے نکال کر باہر کرے گی ، ملک میں کرپشن کرنے والے لوگ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کو اونر شپ دی ہے، پی پی حکومت کے دوران کراچی کی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے کراچی کچرے کا گڑھ بناہواتھا لیکن اب صفائی کے نظام میں بہتری آرہی ہے۔دوسری جانب تقریب میں شریک وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی اس موقع پر شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کراچی کی عوام نے سعید غنی کو کامیابی دلائی کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ ان کیلئے کیا صحیح ہے اور کیا غلط۔انہوں نے مزید کہا کہ زرداری صاحب کو سندھ کی فکر ہے انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پورے سندھ کی عوام کی خدمت کی جائے، لہذا زرداری صاحب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ منور سہروردی شہید کے نام سے منسوب نیا تعمیر کردہ انڈر پاس 412 میٹر لمبا ہے جبکہ اسکی ٹنل 52 میٹر ہے، انڈر پاس تین ٹریکس پر مشتمل ہے جبکہ رات کے اوقات میں روشنی کے لئے قدیم زمانے کے 68 پولز نصب کئے گئے ہیں۔
انڈر پاس میں نکاسی آب کے لئے سمر سیبل پمپس نصب ہیں جو بارشوں کے دنوں میں بھی انڈر پاس کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔انڈر پاس کراچی پیکج کے تحت تعمیر کیا گیا ہے جس پر 44 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔کراچی میگا پروجیکٹس کے ڈائریکٹر نیاز سومرو نے نے بتایا ہے کہ انڈر پاس کے کام کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ پہلی بار انڈر پاس میں خوبصورت تصاویر بھی لگائی گئی ہیں جو جنگل کا منظر پیش کر رہی ہیں۔