اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف جیل جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور انہیں آج رات تک مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلینا چاہیے۔ ہفتہ کے روز سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت نئے وزیراعظم کے ساتھ مدت پوری کرے، کیس کلیئر تھا لیکن ججز نے ایسے ریمارکس دیے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ہمارے مشورے سے حکومت بچ جائے تو خوشی کی بات ہوگی، ہم چاہتے ہیں نیا وزیراعظم آئے۔
حکومت مدت پوری کرے اور پارلیمنٹ چلے، ہم اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کا مطالبہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی نے انہیں اس مقام تک پہنچایا، پاناما کیس کھلی کتاب کی طرح نظر آرہا ہے۔ کوئی چیز چھپی نہیں سب سامنے آگیا، مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ پر ایک پتھر بھی مارا تو نیست و نابود ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عقل سے کام لیں نیا وزیراعظم لے آئیں، انہیں احساس ہونا چاہیے روز روز لڑائیاں نہیں ہوسکتیں، نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں، یہ لوگ اداروں سے لڑتے اور گالیاں دیتے ہیں، جب کہ وزیراعظم کے خلاف دو جج پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں۔اقتدار کی خاطر اتنا بڑا کھیل نہ کھیلا جائے کہ عوام کا عدالتوں سے اعتماد ہی اٹھ جائے،حالات واضح ہیں لہٰذا حکومت کے خلاف گھیرا تنگ ہونے اور نوازشریف کی نااہلی کی صورت میں کوئی ایسا ہنگامہ نہ کیا جائے جس کے باعث لوگوں کا عدالتوں اور اداروں سے اعتماد اٹھ جائے اور ملک بالکل ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے۔ ہم جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں ہم نے اس کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ چوہدری نثار کے تحفظات بجا تھے جن کو دور نہیں کیا گیا،اب چوہدری نثار کی اپنی حکمت عملی ہے کہ آیا وہ پارٹی چھوڑتے ہیں یا نہیں۔