اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پلان بی پر عملدرآمد کا آغاز عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کر دیں، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کر لینے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا ایک اہم اجلاس ہوا، اس اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کارکنوں کو احتجاج کی
کال دینے کا کہا جس پر عمران خان احتجاج کی کال دینے کے مشورے کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے کہیں یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اس اجلاس میں ملک بھر میں اگست کے مہینے سے جلسوں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تمام رہنماؤں پر پاناما کیس کا فیصلہ آنے تک بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی ہے۔