اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتہائی اہم اور سرکردہ رہنما چوہدری نثار اندرون خانہ اعلانیہ طور پر(ن) لیگ کے معاملات سے مکمل طور پر لا تعلق ہو گئے ہیں۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ چوہدری نثار نے فی الوقت خود کو پارٹی کے تمام معاملات سے الگ کر لیا ہے ۔ عارف حمید بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہائوس میں
تین روز قبل ایک اہم ترین میٹنگ ہوئی جس میں چوہدری نثارکو شرکت کرنے کیلئے خصوصی پیغام بھجوایا گیا مگر تھوڑی ہی دیر بعد ایک نیا پیغام ملا کہ میٹنگ کینسل ہو گئی ہےجبکہ در حقیقت وہ میٹنگ ہوئی تھی اور دانستہ چوہدری نثار کو کینسل کا پیغام بھجوایا گیا۔عارف حمید بھٹی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے چوہدری نثار کے ساتھ ساتھ اپنے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ بھی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔